Updated: November 29, 2026, 7:44 PM IST
| Mumbai
بالی ووڈ اداکارہ شردھا کپور اپنی آنے والی فلم ’’ایٹھا‘ میں ایک بالکل مختلف کردار کے ساتھ بڑے پردے پر نظر آنے والی ہیں۔ فلم میں وہ مہاراشٹر کی مشہور لوک فنکارہ اور تماشا و لاونی رقص کی عظیم فنکارہ وٹھابائی بھاؤ مانگ نارائن گاؤںکر کی زندگی سے متاثر کردار ادا کر رہی ہیں۔ اس کردار کو حقیقت سے قریب تر بنانے کے لیے شردھا کپور نے نہ صرف روایتی لاونی رقص کی خصوصی تربیت حاصل کی بلکہ اپنے جسمانی خدوخال میں بھی نمایاں تبدیلی کی۔
شردھا کپور۔ تصویر:آئی این این
بالی ووڈ اداکارہ شردھا کپور اپنی آنے والی فلم ’’ایٹھا‘ میں ایک بالکل مختلف کردار کے ساتھ بڑے پردے پر نظر آنے والی ہیں۔ فلم میں وہ مہاراشٹر کی مشہور لوک فنکارہ اور تماشا و لاونی رقص کی عظیم فنکارہ وٹھابائی بھاؤ مانگ نارائن گاؤںکر کی زندگی سے متاثر کردار ادا کر رہی ہیں۔ اس کردار کو حقیقت سے قریب تر بنانے کے لیے شردھا کپور نے نہ صرف روایتی لاونی رقص کی خصوصی تربیت حاصل کی بلکہ اپنے جسمانی خدوخال میں بھی نمایاں تبدیلی کی۔ فلم کی کوریوگرافر اور قومی فلم ایوارڈ یافتہ ویبھوی مرچنٹ نے انکشاف کیا ہے کہ شردھا نے فلم کے دوسرے حصے اور کلائمکس کے گیت کی شوٹنگ کے لیے تقریباً ۱۰؍ سے ۱۲؍ کلو وزن بڑھایا تھا۔ ویبھوی کے مطابق اس تبدیلی نے اداکارہ کے لیے رقص کی مشق اور فلم بندی کو مزید مشکل بنا دیا تھا۔
ویبھوی مرچنٹ نے ’ورائٹی انڈیا‘ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں بتایا کہ فلم کے ہدایت کار لکشمن اٹیکر نے شوٹنگ روایتی ترتیب کے بجائے الٹی ترتیب سے کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس لیے فلم کے دوسرے حصے اور کلائمکس کے گیت کی عکس بندی پہلے شروع کی گئی۔ اس مرحلے میں شردھا کو اپنی عمر اور جسمانی ساخت کے اعتبار سے کردار کے مطابق دکھائی دینا تھا، جس کے لیے انہوں نے تقریباً ۱۰؍ سے ۱۲؍ کلو وزن بڑھایا۔کوریوگرافر کے مطابق وزن بڑھنے سے تیز رفتار رقص، اچانک جسمانی حرکات اور قدموں کی تبدیلی کے دوران گھٹنوں، پنڈلیوں اور جسمانی برداشت پر اضافی دباؤ پڑتا ہے۔ لاونی رقص میں تیز قدموں، گھومنے، جسمانی توازن اور چہرے کے تاثرات کی خاص اہمیت ہوتی ہے، اس لیے شردھا کو ان تمام پہلوؤں کے لیے سخت مشق اور جسمانی تیاری سے گزرنا پڑا۔
یہ بھی پڑھئے:بمراہ کے ۲؍جھٹکے، نیوزی لینڈ نے ۲۴۳؍رن کی برتری حاصل کرلی
ویبھوی مرچنٹ نے بتایا کہ شردھا کپور نے سب سے پہلے ہدایت کار لکشمن اٹیکر کے ساتھ اپنے کردار کو سمجھنے کے لیے خصوصی ورکشاپس میں حصہ لیا۔ اس کے بعد انہوں نے لاونی رقص کی تربیت معروف فنکارہ آنجہانی شکنتلا ناگرکر اور اکشے مالونکر سے حاصل کی۔ویبھاوی کے مطابق شکنتلا ناگرکر کینسر کے علاج کے باوجود شردھا کو رقص کی باریکیوں سے واقف کرانے کے لیے سات سے دس دن تک ورکشاپ لیتی رہیں۔ انہوں نے اداکارہ کو نہ صرف لاونی کے روایتی انداز اور حرکات سکھائیں بلکہ یہ بھی بتایا کہ اس فن میں فنکار کس طرح اپنے تاثرات اور رقص کے ذریعے سامعین اور ناظرین سے رابطہ قائم کرتا ہے۔اس تربیت میں ۱۹۴۰ء اور ۱۹۵۰ء کی دہائی میں استعمال ہونے والے بھاری روایتی گھنگھروؤں کے ساتھ رقص کرنے کی مشق بھی شامل تھی۔ شردھا کو کردار کی نزاکت، اس دور کے رقص کے انداز اور تماشا فنکارہ کی زندگی کو سمجھنے کے لیے طویل عرصے تک تیاری کرنی پڑی۔
ویبھوی مرچنٹ نے فلم کی شوٹنگ کے دوران پیش آنے والے ایک مشکل واقعہ کا بھی ذکر کیا۔ ان کے مطابق کلائمکس گیت کی عکس بندی کے دوسرے دن شردھا کپور کو اس وقت شدید چوٹ لگی جب وہ ننگے پاؤں رقص کر رہی تھیں۔ دن کی گرمی کے باعث فرش بھی گرم ہوگیا تھا، جس پر مسلسل رقص کرنے سے پاؤں میں رگڑ پیدا ہوئی اور اداکارہ زخمی ہوگئیں۔اس واقعے سے فلم کی پوری ٹیم کا حوصلہ متاثر ہوا اور شوٹنگ روکنی پڑی۔ ویبھاوی نے بتایا کہ تقریباً چھ ہفتوں سے دو ماہ کے وقفے، آرام اور سخت فزیوتھراپی کے بعد دوبارہ کام شروع کیا گیا۔ اس تجربے کے بعد ٹیم نے لاونی رقص کے ہر اگلے حصے کے لیے وارم اَپ، کول ڈاؤن اور فزیوتھراپی کو لازمی قرار دیا تاکہ شردھا کو دوبارہ ایسی چوٹ سے محفوظ رکھا جاسکے۔
یہ بھی پڑھئے:آرین خان کی مبینہ گرل فرینڈ لاریسا بونیسی نے خان خاندان کو اپنا خاندان قرار دیا
شردھا کپور کی جسمانی تبدیلی صرف وزن بڑھانے تک محدود نہیں رہی۔ ویبھوی مرچنٹ کے مطابق فلم کی شوٹنگ الٹی ترتیب سے ہونے کی وجہ سے اداکارہ کو مختلف ادوار کے کردار کے مطابق اپنی جسمانی ساخت میں تبدیلی لانا پڑی۔ دوسرے حصے اور کلائمکس کے لیے تقریباً ۱۰؍ سے ۱۲؍ کلو وزن بڑھانے کے بعد انہوں نے فلم کے آخری گیت کی عکس بندی کے لیے تقریباً ۱۲؍ سے ۱۵؍ کلو وزن کم بھی کیا، تاکہ کردار کی جسمانی کیفیت اور کہانی کے مختلف مراحل کو درست انداز میں پیش کیا جاسکے۔ ویبھوی نے شردھا کی محنت اور نظم و ضبط کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس پورے عمل کے دوران ان کی صحت، چوٹ سے بچاؤ اور جسمانی بحالی کا خاص خیال رکھا گیا۔فلم ’’ایٹھا‘‘ مہاراشٹر کی معروف تماشا اور لاونی فنکارہ وٹھابائی بھاؤ مانگ نارائن گاؤںکر کی زندگی اور فن سے متاثر ہے۔ وٹھابائی کو مہاراشٹر کے روایتی لوک فن میں نمایاں مقام حاصل تھا۔ فلم کے ذریعے ان کی فنی جدوجہد، زندگی کے اتار چڑھاؤ اور لاونی و تماشا کی روایت کو بڑے پردے پر پیش کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔لکشمن اٹیکر کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں شردھا کپور کے ساتھ رندیپ ہڈا، محمد ذیشان ایوب، سدھارتھ جادھو، اسحاق خان، اننت جوشی، اکشرا سنگھ، الکا گپتا اور نانا پاٹیکر بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔ فلم کی تیاری اور موسیقی و رقص کے مناظر میں مہاراشٹر کی روایتی ثقافت کو نمایاں اہمیت دی گئی ہے۔فلم ’’ایٹھا‘‘۴؍ دسمبر ۲۰۲۶ء کو سنیما گھروں میں ریلیز ہونے والی ہے۔ شردھا کپور کی جسمانی تبدیلی، لاونی رقص کی طویل تربیت اور شوٹنگ کے دوران پیش آنے والی مشکلات کے انکشافات نے فلم کی ریلیز سے پہلے ہی ناظرین کی دلچسپی بڑھا دی ہے۔